17 نومبر 2026 - 11:53
لاوروف کا یورپی رہنماؤں پر عدم اعتماد، یوکرین تنازع کے حل کے لیے معقول مذاکراتی فریق ملنے پر سوال اٹھا دیا

روسی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکہ کے ساتھ دوطرفہ مسائل حل کرنے کے لیے مذاکرات سست روی کا شکار ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان اختلافات بدستور برقرار ہیں۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ یہ واضح نہیں کہ یورپی ممالک کے موجودہ رہنماؤں میں سے کون یوکرین تنازع کے حل پر بات چیت کے لیے ایک معقول مذاکراتی فریق ثابت ہوسکتا ہے۔

 لاوروف نے روسی خبر رساں ایجنسی تاس کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا:میں نہیں جانتا کہ یورپی ممالک کے موجودہ رہنماؤں میں سے کون ایک معقول مذاکراتی فریق بن سکتا ہے۔“

اس حوالے سے روسی وزیر خارجہ نے اپنے جرمن ہم منصب یوہان وادے فول کے ساتھ ملاقات کا ذکر کیا اور کہا کہ وہ یہ وضاحت نہیں کرسکے کہ یورپ کو گیس فراہم کرنے والی نورڈ اسٹریم گیس پائپ لائنوں کے خلاف تخریبی کارروائیوں کی تحقیقات میں چار سال کیوں لگ گئے، جبکہ لائپزگ ایئرپورٹ پر ڈرون سے متعلق ایک واقعے کی تحقیقات صرف چند دنوں میں مکمل کرلی گئیں۔

لاوروف نے اس بات کی جانب بھی توجہ دلائی کہ یورپی ممالک کو فروری 2014 سے اب تک کئی مرتبہ یوکرین کے مسئلے میں ثالثی کا کردار ادا کرنے کا موقع ملا۔ ان مواقع میں وہ وقت بھی شامل تھا جب فرانس، جرمنی اور پولینڈ نے یوکرین کے سابق صدر وکٹر یانوکووچ اور ان کے مخالفین کے درمیان معاہدے کے ضامن کا کردار ادا کیا تھا۔

انہوں نے یاد دلایا کہ سب جانتے ہیں کہ اس معاہدے کا کیا انجام ہو اور اگلی صبح یوکرین میں حکومت کا تختہ الٹ دیا گیا۔

روسی وزیر خارجہ نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ ماسکو اور واشنگٹن کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے مسائل حل کرنے کے لیے مذاکرات سست رفتاری سے آگے بڑھ رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان اب بھی بہت سے اختلافات موجود ہیں۔

لاوروف نے ان مذاکرات کے سلسلے میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے ساتھ نیویارک اور اٹلانٹا میں ہونے والی ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: ”مذاکرات سست اور بے جان انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔“

انہوں نے یاد دلایا کہ روسی کمپنیوں لوک آئل اور روس نیفٹ کے خلاف امریکہ کی نئی پابندیاں بھی عین ڈونلڈ ٹرمپ کے دورِ صدارت میں عائد کی گئیں۔

روسی وزیر خارجہ نے تاس کو انٹرویو دیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ عالمی توانائی منڈیوں پر غلبہ حاصل کرنے کا نظریہ عملی طور پر نافذ کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق، روس کو بتدریج تمام توانائی منڈیوں سے باہر کیا جا رہا ہے اور اس مقصد کے لیے ایک حکمتِ عملی منظور کرکے اس پر عمل درآمد شروع کردیا گیا ہے۔

لاوروف نے کہا:ہمیں تمام توانائی منڈیوں سے باہر نکالا جا رہا ہے۔ عالمی توانائی منڈیوں پر غلبے کی حکمتِ عملی منظور ہوچکی ہے اور اس پر عمل کیا جا رہا ہے۔ سربیا کی آئل انڈسٹری، جس میں گیزپروم نیفٹ سب سے بڑا حصہ دار ہے، کی تنظیمِ نو جاری ہے۔ وہاں سے بھی ہمیں باہر دھکیلا جا رہا ہے۔ اسی لیے یہ نہیں کہنا چاہیے کہ واشنگٹن نے روسی ڈیزل کی فراہمی پر پابندیاں اٹھا کر کوئی بہادرانہ قدم اٹھایا ہے

سرگئی لاوروف نے عالمی سطح پر سکیورٹی صورتِ حال میں بگاڑ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ روس کے بنیادی اتحادی اس کی فوج، بحری بیڑا، فضائی و خلائی افواج اور جوہری قوت ہیں۔ ان کے مطابق، ماسکو اپنی سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنی مسلح افواج ہی پر انحصار کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا: دنیا کے حالات ہمارے لیے آسان نہیں ہوئے، بلکہ پہلے سے کہیں زیادہ پیچیدہ ہوگئے ہیں۔ ایسے حالات میں ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ ہمارے دو حقیقی اتحادی ہیں: فوج اور بحری بیڑا۔ اب فضائی و خلائی افواج اور یقیناً جوہری قوت بھی ان میں شامل ہوچکی ہیں۔

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف منگل کی صبح جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) کے 21ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے فلپائن کے دارالحکومت منیلا پہنچ گئے۔ وہ اس اجلاس میں روسی وفد کی سربراہی کریں گے۔

اس سے قبل روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے بتایا تھا کہ اجلاس میں ایشیا بحرالکاہل خطے کی موجودہ جغرافیائی و سیاسی صورتِ حال کے علاوہ، ایشیا میں نیٹو کی فوجی اور سیاسی صلاحیتوں کو وسعت دینے کی مغربی کوششوں سے اس خطے کے پُرامن اور مستحکم مستقبل کو لاحق خطرات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha